بدھ , 07 اکتوبر 2020ء
(397) لوگوں نے پڑھا
برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ حضرت سید علی بن عثمان الہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخشؒ کے سالانہ عرس مبارک کی 3 روزہ تقریبات کا آغاز ہو گیا۔ 977 ویں عرس کی سالانہ تقریبات کا آغاز چادر پوشی سے کیا گیا۔ چادر پوشی وزیر اوقاف پنجاب پیر سید سعید الحسن نے کی۔ صوبائی وزیر اوقاف سید سعیدالحسن نے کہا کہ زائرین کورونا سے بچاؤ کے لیے ماسک کا استعمال کریں۔تفصیلات کے مطابق مزار کو پھولوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا۔ زائرین کے لیے پہلی بار شٹل سروس بھی شروع کی گئی ہے۔ زائرین کیلئے دودھ کی قدیمی سبیل، وسیع لنگر کا اہتمام، لنگر خانے میں روزانہ 6 سو دیگ پکائی جائے گی۔ عرس کے تیسرے روز حلوہ تیار کیا جائے گا۔ منیجر گلاب ارشاد بتاتے ہیں کہ زائرین کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیاریاں مکمل ہیں۔عرس میں شرکت کے لیے ملک بھر سے عقیدت مندوں کی آمد کاسلسلہ جاری ہے۔ بھاٹی چوک میں عقیدت مندوں نے دھمال ڈالی اور داتا دربار پر حاضری بھی دی۔ مزید برآں تقریبات کے تینوں روز 133 سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکار مختلف مقامات پر فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔