جمعہ , 04 ستمبر 2020ء
(195) لوگوں نے پڑھا
صوبائی دارالحکومت لاہور میں موسلادھار بارش کے باعث لیسکو کے 130 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے ہیں اور متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے ہیں. بھٹہ چوک، آر اے بازار، نشاط کالونی، صدر، مغل پورہ، مزنگ، عابد مارکیٹ، شادباغ، بادامی باغ، شاہدرہ، کریم پارک، بیگم کوٹ، بلال گنج، شیرانوالہ، بھاٹی گیٹ، شاہ عالم مارکیٹ، گجر پورہ اورشادی پورہ بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔ ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز کے مطابق لاہور میں موسلادھار بارش میں واسا کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں لاہور میں اب تک 135 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ہے. انہوں نے کہا کہ تمام انڈرپاسس کلیئرکر دئیے گئے ہیں اور100فیصد نکاسی کا عمل مکمل ہونے تک فیلڈ میں رہیں گے موسلادھار بارش کے باعث متعدد علاقے زیرآب آگئے ہیں اور ٹریفک کی روانی متاثر بھی متاثر ہوئی ہے۔ اسلام پورہ، چوبرجی، مزنگ، مال روڈ، کوپر روڈ، وارث روڈ، لکشمی چوک، ہربنس پورہ، دو موریہ پل، پانی والا تالاب، رحمان پورہ، سمن آباد،اقبال ٹاﺅن‘سبزہ زار‘مصطفی ٹاﺅن‘ملتان روڈ‘ میسن روڈ، قذافی اسٹیڈیم اور والٹن روڈ پر پانی جمع ہو گیا ہے. وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نشیبی علاقوں میں بارش کے پانی کی جلد نکاسی کی ہدایت جاری کردی ہیں واسا حکام اور انتظامیہ نکاسی آب کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیا گیا ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ واسا اور انتظامی افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے جائیں اور نکاسی آب مکمل ہونے تک کی رپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھجوائی جائے. ادھرمحکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے تاہم سندھ میں موسم خشک رہے گا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مطلع ابر آلود رہے اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش متوقع ہے۔ پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش ہوسکتی ہے محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا لیکن میرپور خاص، ٹھٹھہ، بدین، مٹھی اور کراچی میں بارش متوقع ہے. بلوچستان میں اکثر شہروں میں موسم گرم اور خشک رہے گا لیکن ضلع لسبیلہ میں ہلکی بارش کا امکان ہے گلگت بلتستان اورکشمیر میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش متوقع ہے دیر، سوات، ما لاکنڈ، بونیر، شانگلہ، کوہستان اورمردان میں بھی بارش ہوسکتی ہے.