ہفتہ , 19 ستمبر 2020ء
(115) لوگوں نے پڑھا
ذرائع کے مطابق کورونا وبا ایک بار پھر پھیلنے لگی ہے ۔ ننکانہ صاحب میں محکمہ صحت نے دو سکول بند کروا دئیے ہیں۔ محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق گوجرانوالہ میں 24، ننکانہ صاحب کے 7 طلبہ میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔ بھکر میں 1 بچہ، ایک سکول ملازم، لودھراں میں 1 سکول ملازم کورونا کا شکار ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق بند ہونے والے دو سکولوں میں گرلز ہائیر سیکنڈری سکول شاہ کوٹ، گیریژن سکول ننکانہ صاحب شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق محکمہ صحت کی جانب سے 14 ہزار746 سرکاری سکولوں اور 1566نجی سکولوں سے نمونے لیے گئے۔ جبکہ لاہور میں سکولوں سے لیے گئے نمونوں کے رزلٹ آنا باقی ہیں۔ یاد رہے ملک بھر کے تعلیمی ادارے 187 دن کی بندش کے بعد 15 ستمبر کو کھلے تھے اور ابھی اداروں کو کھلے صرف تین دن ہوئے ہیں۔ دوسری جانب حکومت نے مختلف اضلاع میں کمیٹیاں بھی بنا رکھی ہیں جو سکولوں میں ایس او پیز کی پابندی پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ترجمان محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کسی بھی سکول میں 2 سے زائد طلبہ میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تو اس ادارے کو 5 دن کیلئے بند کر دیا جائے گا۔