منگل , 26 جنوری 2021ء
(475) لوگوں نے پڑھا
لاہور کے علاقہ نواب ٹاؤن میں موجود لاہور میڈیکل ٹیچنگ یونیورسٹی ہسپتال میں طالبہ کی لاش چھوڑ کر فرار ہونے والے ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ملزمان لڑکی کی لاش کو سفید گاڑی میں ڈال کر ہسپتال لے کر آئے اور ایمرجنسی وارڈ میں چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے جس پر پولیس کو اطلاع دی گئی تھی اور پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی تھی۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ دونوں کی شناخت اسامہ اور اویس کے نام سے ہوئی۔ ملزم اسامہ مقتولہ لڑکی مریم کا دوست ہے اور لاہور کا رہائشی ہے جبکہ مریم گجرات کی رہائشی تھی۔ اسامہ نے پولیس کو تفتیش کے دوران بتایا کہ مریم اس کی دوست تھی اور دونوں اکثر ایک دوسرے سے ملاقات کرتےرہتے تھے۔ اسی دوران ملاقات حد سے آگے بڑھ گئی جس کے نتیجے میں مریم حاملہ ہوگئی تھی۔ ملزم نے بتایا کہ مریم کو اسقاط حمل کے لئے ایک نجی کلینک لے جایا گیا جہاں دورانِ عمل مریم کی حالت تشویشناک ہوگئی جس پر اسے بڑے ہسپتال لے جایا جارہا تھا تو وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی۔ ڈر کی وجہ سے ملزم ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں اس کی لاش چھوڑ کر فرار ہوا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسامہ کی نشاندہی پر اسقاطِ حمل کرنے والے عملے میں موجود 3 افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد لاش ورثہ کے حوالے کردی گئی۔