پیر , 22 فروری 2021ء
(428) لوگوں نے پڑھا
لاہور میں مختلف علاقوں کی شاہراہوں کو جگ مگ کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے احکامات پر ایل ڈی اے کی جانب سے پلان مرتب کیا گیا جس کے پہلے مرحلے میں عبدالحق روڈ سے لے کر ایکسپوسینٹر تک کی شاہراہ پر موجود خراب اسٹریٹ لائٹوں کی مرمت اور نئی لائٹیں لگائی جائیں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں ایکسپو گیٹ نمبر 2 سے لے کر جواد احمد چوک تک کی اسٹریٹ لائٹوں کی مرمت اور تبدیلی کی جائے گی۔ ایل ڈی اے کی جانب سے 1 کروڑ 79 لاکھ 38 ہزار روپے کی رقم کا تخمینہ لگایا گیا اور منصوبے کی اختتام کی مدت 2 ماہ بتائی گئی۔ منصوبہ کے منظور ہونے پر اہلِ علاقہ اور ان علاقوں کی شاہراہوں سے گزرنے والے راہگیروں نے مسرت کا اظہار کیااور حکومت و ایل ڈی اے کے اس عمل کو سراہا۔ عوام کا کہنا ہے کہ اِن شاہراہوں پر روشنی نہ ہونے کے باعث اکثر حادثات رونما ہوجاتے ہیں اس منصوبے کے مکمل ہونے کے بعد حادثات میں ممکنہ کمی آئے گی اور ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ دیگر علاقوں میں بھی جہاں اسٹریٹ لائٹیں موجود نہیں یا پھر خراب ہیں انکو بھی تبدیل کیا جائے تاکہ اُن علاقوں کے رہائشی بھی پریشانی سے بچ سکیں۔