جمعرات , 17 ستمبر 2020ء
(138) لوگوں نے پڑھا
پنجاب کابینہ سے پروموشن پالیسی کی منظوری ملنے کے بعد 18 ستمبر جمعہ کے روز میٹرک کے نتائج جاری ہونے کا امکان ہے۔ پیر کے روز پنجاب کابینہ کی جانب سے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ طلبہ کی پروموشن پالیسی کی منظوری دی گئی جس کے بعد اس بات کا امکان ہے کہ جمعہ کے روز تمام تعلیمی بورڈز میٹرک کے نتائج کا اعلان کر دیں گے۔ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے حکام کا کہنا تھا کہ تمام بورڈز کی جانب سے نتائج پہلے ہی تیار ہیں، جیسے ہی منظور شدہ سمری کے میٹنگ منٹس واپس آئینگے، اگلے دن نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا جبکہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج کے حوالے سے حکام نے کہا کہ پیر یا منگل کے روز انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا بھی اعلان کر دیا جائے گا۔ اس سے قبل پنجاب تعلیمی بورڈز کمیٹی کے چیئرمین نے میٹرک کیلئے چودہ اور انٹرمیڈیٹ کیلئے سترہ ستمبر کی ڈیٹ دی تھی۔ تاہم پروموشن پالیسی کی منظوری نہ ملنے کی وجہ سے نتائج التوا کا شکار ہوئے۔ پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کلاسز میں مجموعی طور پر چالیس لاکھ بچوں کی رجسٹریشن ہوئی تھی۔