جمعہ , 05 مارچ 2021ء
(381) لوگوں نے پڑھا
لاہور کے علاقہ ماڈل ٹاؤن کے قریب قائم 103 سال پرانا تاریخی والٹن ہوائی اڈہ کو پنجاب حکومت کی جانب سے ختم کرکے اس کی جگہ بِزنس حب بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک کمیٹی نے اس منصوبے پر کام کرتے ہوئے ہوئے ہوائی اڈے کے ارد گرد 10 ایکڑ اراضی پر واقع 7 نرسریاں بھی ختم کروا دیں۔
والٹن ایئرپورٹ 1918ء میں برطانوی حکومت نے قائم کروایا تھا۔ یہ دوسری جنگ عظیم میں برطانوی فوج کا بیس کیمپ بھی رہا جوکہ گلبرگ، ماڈل ٹاؤن اور فیروز پور روڈ کے سنگم میں واقع 12 سو کنال رقبہ پر پھیلا ہوا ہے اور یہاں سیکڑوں چھوٹے بڑے درختوں کا ایک مصنوعی جنگل بھی آباد ہے جس کو کاٹنے کے بجائے جدید مشینری کی مدد سے جڑوں سمیت نکال کر دوسری جگہ منتقل کیا جارہا ہے۔
ایک نرسری کے مالک میاں محمد اسحاق کا کہنا تھا کہ انہوں نے سنہ 1979 میں سول ایوی ایشن سے نرسری بنانے کے لئے یہ جگہ کرائے پر لی تھی جس کو ختم کردیا گیا ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر زکاوت حسین نے کہا کہ والٹن ایک تاریخی ائیرپورٹ ہے جہاں سے غیر ملکیوں سمیت ملک بھر کے ہزاروں پائلٹوں نے تربیت حاصل کی اور اب بھی یہ سلسلہ جاری ہے۔
بزنس حب منصوبے کی وجہ سے والٹن ائرپورٹ ختم ہونے سے تربیت حاصل کرنے والے 200 پائلٹوں کی تربیت میں تعطل کا خدشہ ہے۔
اس بارے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ائیرپورٹ دوسری جگہ منتقل کیا جا رہے اور پائلٹوں کی تربیت اس ائیرپورٹ پر جاری رکھی جا سکے گی۔