منگل , 08 ستمبر 2020ء
(377) لوگوں نے پڑھا
صوبائی وزیر برائے سکول ایجوکیشن ڈاکٹر مراد راس کا کہنا ہے کہ ابتداء میں صرف تجویز تھی کہ تمام اساتذہ کا کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا لیکن اب یہ فیصلہ ہوا ہے کہ جہاں کیسز بڑھنے کی اطلاع ہوگی وہاں اچانک ٹیسٹ کیا جائے گی لیکن اس کا بوجھ طلباء یا اساتذہ پر نہیں ڈالا جائے گا۔ اسکولز کو متبادل دنوں میں اور 50 فیصد بچوں کے ساتھ کھولا جائے گا تاکہ غیر معمولی رش سے بچا جا سکے. جن اسکولوں میں احتیاطی تدابیر پر عمل نہیں کیا جائے گا انہیں بند کر دیا جائے گا۔ جن سکولز کی فیس 3 ہزار سے کم تھی وہ سخت حالات سے گزرے ہیں اور ان کی مدد اور بحالی کے لیے وفاقی حکومت سے بات کی گئی ہےاسکولوں کے کھلنے کے حوالے سے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کے معائنے کے لیے مانیٹرنگ اور انسپکشن کمیٹیوں کا قیام عمل میں آچکا ہے۔ کمیٹیاں سرکاری اور نجی سکولوں کے دورے کر کے سکول کھولنے کے حوالے سے جاری گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کا معائنہ کریں گی. سکولوں میں کرونا سے بچاؤ اور انسدادِ ڈینگی کارروائیوں کا جائزہ لیں گی۔ ڈویژنل ڈائریکٹر اپنی جامع رپورٹ ڈائریکٹ آف پبلک انسٹرکشن میں جمع کروائیں گے۔ سکولوں کے کھلنے کے بعد یہ رپورٹ ماہانہ بنیادوں پر تیار کی جائے گی۔ ستمبر کے مہینے کی رپورٹ سکولوں کے کھلنے سے پہلے جمع کرائی جائے گی.