جمعرات , 14 جنوری 2021ء
(306) لوگوں نے پڑھا
لاہور کے علاقہ وحدت کالونی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک ہی گھر کے 4 افراد آگ سے جھلس کر جانبحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق وحدت کالونی میں 1 سالہ حنان، 5 سالہ ہادی، 8 سالہ عبیرہ اپنی 52 سالہ نانی رخسانہ کے ساتھ گھر میں موجود تھے کہ گھر میں آگ لگ گئی اور جلد ہی آگ نے شدت اختیار کر لی۔ اہلِ علاقہ کی جانب سے پولیس کی ہیلپ لائن 15 پر اور ریسکیو عملہ کوکال کرکے آگ لگنے کی اطلاع دی گئی جس پر ریسکیو عملہ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا اور چاروں افراد کو فوراََ ہسپتال منتقل کردیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد ڈی ایس پی وحدت کالونی اشفاق نے بتایا کہ آگ گھر میں موجود گیس ہیٹر کی وجہ سے لگی۔ ہیٹر پر کپڑا گِرا اور اس نے فوراََ ہی آگ پکڑ لی اور آگ نے جلد ہی شدت اختیار کر لی جس سے ڈر کرخاتون اپنے نواسے نواسیوں کو لیکر کمرے سے ملحقہ باتھ روم میں لے گئی۔ آگ اس قدر شدید تھی کہ انھیں گھر سے باہر آنے کا موقع نہ مل سکا۔ بچوں کے والدین جس وقت آگ لگی اس وقت کام پر موجود تھے۔ والد کافی کی دکان پر جبکہ والدہ ایک ریسٹورنٹ میں کام کرتی ہیں۔ پولیس نہ کہا کہ ضروری کارروائی کے بعد میتیں لواحقین کے حوالے کر دی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔