پیر , 21 ستمبر 2020ء
(124) لوگوں نے پڑھا
لاہور کے علاقے گرین ٹاوٗن کے علاقے میں شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کی گئی،ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر 22 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا،شکیل نامی نوجوان شادی کی تقریب میں موجود تھا،ہوائی فائرنگ کے دوران ایک گولی شکیل کی کمر پر لگی، زخمی حالت میں شکیل کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا،واقعہ گرین ٹاوٗن کے علاقے باگڑیاں کے قریب پیش آیا، وقوعہ کے بعد پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی۔ صوبائی دارالحکومت میں ہوائی فائرنگ کرنے کے واقعات میں کمی کی بجائے اضافہ ہورہا ہے،گزشتہ کئی برسوں سے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسلحہ کی نمائش یا اسے غیر قانونی طور پر رکھنے کی سخت پابندی ہے لیکن عموما رات کے وقت شہر کے مختلف علاقوں میں جاری شادی بیاہ کی تقریب میں ہونے والی ہوائی فائرنگ کی آوازیں سنی جاتی ہیں جس سے شہریوں میں خوف وہراس پیدا ہوجاتا ہے۔ان عوامل کے نتیجے میں رونما ہونے والے حادثات کی خبریں نظر تو آتی ہیں لیکن ارباب اختیار خصوصا پولیس، ڈولفن فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ نوجوان نسل میں ہوائی فائرنگ کرکے ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنا ٹرینڈ بن چکا ہے۔ اس کے باوجود اکثر پولیس اہلکار اس کا نوٹس نہیں لیتے یا اس وقت کارروائی کرتے ہیں جب فائرنگ سے قیمتی جان کا ضیاع ہوجاتا ہے۔