منگل , 14 جولائی 2020ء
(135) لوگوں نے پڑھا
گوجرہ میں جھنگ روڈ پر تھانہ صدر کے قریب ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام چار ایکڑ رقبے پر مویشی منڈی قائم کی گئی تھی جو ہر منگل کو لگائی جانی تھی۔ تاہم بیوپاری ہفتہ وار بنیاد پر منڈی لگانے کی بجائے روزانہ یہاں جانوروں کی خریدوفروخت کرتے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو آمدورفت کے سلسلے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ تا ہے۔شہری حدود میں منڈی ہونے کی وجہ سے تعفن بھی پھیل رہا ہے اور قریبی آبادی کے لوگوں میں کانگو وائرس پھیلنے کا بھی خدشہ ہے۔ جبکہ آبادی کے قریب منڈی قائم ہونے سے تماں بنگلہ سے لے کر تھانہ صدر اور سول ہسپتال تک ٹریفک کی روانی میں خلل پڑتا ہے کیوں کہ موٹروے سے اترنے والی تمام گاڑیاں اسی روڈ سے ہی گزرتی ہیں۔منڈی کے قریب واقع بہاری کالونی کے پینتیس سالہ محمد ادریس کہتے ہیں کہ میرا گھر اس منڈی کے سامنے ہے اور یہاں ہمیں سب سے زیادہ جانوروں کے فضلہ کی بدبو، اس سے پھیلنے والے تعفن اور ٹریفک جام جیسی مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔واضح رہے کہ آج سے تیس سال قبل جھنگ روڈ پر سمن زار کالونی کے قریب ماہانہ منڈی مویشی کا انعقاد ہوتا تھا لیکن اس جگہ سال 1990ء میں ہاکی سٹیڈیم کی منظوری ہونے کے بعد مویشی منڈی کو ختم کر دیا گیا تھا۔