Chinot City
جمعہ , 14 اگست 2020ء
(156) لوگوں نے پڑھا
ملک کے دوسرے شہروں کی طرح چنیوٹ میں بھی یوم آزادی جوش و خروش اور اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایا گیا کہ پاکستان کو خوشحال و مستحکم بنانے کیلئے کوششوں کو بھرپور انداز میں جاری رکھا جائے۔ یوم آزادی کے حوالے سے پرچم کشائی کی مرکزی تقریب میونسپل کارپوریشن آفس کے سبزہ زار میں منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر محمد ریاض مہمان خصوصی تھے جبکہ ڈی پی او سید حسنین حیدر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز طارق خان نیازی، عمران عصمت پنوں، اسسٹنٹ کمشنر سٹی عائشہ یٰسین، اسسٹنٹ کمشنر انڈر ٹریننگ غلام حسین، سی او میونسپل کارپوریشن رانا محمد نواز، سی او ایجوکیشن چوہدری ذوالفقار حسین، ڈی او و ڈپٹی ڈی اوز مس رضیہ سلطانہ، مس زاہدہ عظیم، خدیجہ بخاری ۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122مس طاہرہ خان، ڈسٹرکٹ آفیسر سول دیفنس چوہدری محمد صدیق، سی او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر عاکف، ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف میاں شوکت علی تھہیم و ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہری، میڈیا نمائندگان بڑی تعداد میں اس موقع پر موجود تھے۔ صج 8 بج کر 58 منٹ پر سائرن بجائے گئے اور ایک منٹ کی خاموشی کے بعد مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے ڈی پی او سید حسنین حیدر اور افسران کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا اور پاکستان اور کشمیر کا ترانہ بجایا گیا۔ اس موقع پرایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے شرکاء تقریب کی طرف سے قومی پرچم اور جھنڈیاں لہرانے کا دلکشن مظاہرہ بھی کیا گیا جبکہ پنجاب پولیس، ریسکیو 1122 نے مارچ پاسٹ اور سلامی دی، تقریب کا باقاعدہ آغازتلاوت قران مجید اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا، یوم آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے اہل وطن کو یوم آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ آزادی کے دن کو منانے کا مقصد قومی یکجہتی کو فروٖغ اور وطن کی بے لوث خدمت کے عزم کو مزید پختہ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر لوگوں کا جذبہ دیدنی ہے اور پاکستان سمیت چنیوٹ میں بھی یوم آزادی ملی جذبے سے منایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ اپنے اپنے شعبوں میں خلوص نیت سے کام کریں نظم و ضبط برقرار اور ایثار کے جذبات کو پروان چڑھائیں تاکہ حقیقی معنوں میں قائداور اقبال کے تصورات کے مقاصد ہوسکیں، انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے تحفظ اور لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کے سلسلے میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، انہوں نے کہا کہ یوم آزادی مناتے وقت ہمیں بھرپور محنت سے انسانیت اورملک کی خدمت کے عزم کا اعادہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں ہمارے بزرگوں نے ہمیں آزاد ملک حاصل کرکے دیا اب ہماری ذمہ داری ہے کہ وطن عزیز کو خوشحال و ترقی یافتہ بنانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہ کریں، ڈی پی او سید حسنین حیدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج تجدید عہد اور احساس آزادی کو بیدار کرنے اوراللہ کا شکر ادا کرنے کا دن ہے، ہماری آزادی لازوال قربانیوں ،ہمتوں اور آزمائشوں کی ایک طویل اور صبر آزما داستان ہے جس کے لئے پوری قوم شہدائے وطن کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ حصول وطن کے حقیقی مقاصد کو سمجھنے کی ضرورت ہے اورتعمیر وطن کے لئے قیام پاکستان والا جذبہ درکار ہے،انکا مزید کہنا تھا کہ نئی نسل کو آزادی کی اصل روح سے روشناس کرانا وقت کا تقاضا ہے تاکہ نئی نسل کو یہ معلوم ہو سکے کہ آزادی ہمیں کسی نے پلیٹ میں رکھ کے نہیں دی بلکہ اس کے حصول کے لئے ہمارے اسلاف نے طویل جدوجہد، مصیبتوں اور قربانیوں کی صبر آزما اور روح فرسا تاریخ کو اپنے خون سے سینچا ہے، علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے شاہراؤں، چوکوں اور عوامی مقامات کو سرسبز ہلالی پرچموں، قائداعظم، علامہ اقبال، تحریک پاکستان اور دیگر شعبوں میں کارہائے نمایاں انجام دینے والی ممتاز شخصیات،شہداء اور افواج پاکستان کی تصاویر اور بینرز سے کیا گیا جبکہ رات کے وقت بڑی خوبصورتی سے سرکاری و نجی عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا۔