Chinot City
پیر , 27 جولائی 2020ء
(435) لوگوں نے پڑھا
تفصیلات کے مطابق چنیوٹ کے علاقے چک 205 گلوتراں والا میں رشتہ دینے سے انکار پر چچا نے بھتیجی پر مبینہ طور پر پٹرول چھڑک کر آگ لگادی، 14 سالہ سعدیہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔ چودہ سالہ سعدیہ کا رشتہ اس کے چچا یعقوب نے اپنے بیٹے کے لیے مانگا تھا لیکن مقتولہ کے والد محمد یوسف نے اپنے ہی ایک اور رشتہ دارشاہین کے ساتھ دو ماہ قبل اس کی شادی کردی تھی۔پولیس کے مطابق تین روز قبل سعدیہ اپنے میکے ملنے کے لیے آئی ہوئی تھی کہ چچا نے اسے اکیلا گھر میں پاکر مبینہ طور پر اس پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی اور بعدازاں اسے نجی اسپتال میں علاج کے لیے لے گئے جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ والدین اور سسرالیوں نے پولیس کو بتائے بغیر اس کی تدفین کردی جس پر پولیس نے کارروائی شروع کی تو والدین نے سلنڈر دھماکے سے جھلسنے کی وجہ سے ہلاکت بتائی، پولیس نے والدین اور سسرالیوں کے بیانات میں تضاد ہونے پر چچا کو گرفتار کرلیا۔ ڈی پی او سید حسنین حیدر کے مطابق سعدیہ کیس کی پولیس خود مدعی بنے گی اور علاقہ مجسٹریٹ سے قبر کشائی کے لیے بھی درخواست دائر کردی گئی ہے۔ڈی پی او کا کہنا تھا کہ دیہی علاقوں میں بچیوں کے ساتھ ظلم کرنے والوں کے خلاف یہ کیس ایک مثال ہوگا جس کی تمام تر تفتیش سو فیصد میرٹ پر ہوگی اور میں خود اس کی نگرانی کروں گا۔