پیر , 14 ستمبر 2020ء
(433) لوگوں نے پڑھا
کمالیہ، نواحی گاؤں 746 گ ب کا رہائشی تین معصوم و کمسن بچوں کا باپ اور خاندان کا واحد کفیل ملک شیر نامی شخص دوران ڈیوٹی کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔ اس موقع پر کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ واقعہ ایس ڈی او فیسکو رورل سب ڈویژن پیرمحل کی مبینہ غفلت اور نااہلی کے نتیجے میں پیش آیا۔ 35 سالہ ملک شیر ایس ڈی او فیسکو رورل سب ڈویژن پیرمحل رانا بنیامین اور لائن مین رمضان سیال کے کہنے پر گاؤں 741 گ ب میں نئے میٹر بجلی کی تنصیب کے دوران بجلی کے پول پر کنکشن کرتے ہوئے بجلی کا زور دار جھٹکا لگنے سے موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔ حادثہ مبینہ طور پر برقی رو بند نہ کئے جانے اور حفاظتی انتظامات کئے بغیر ہائی وولٹیج تاروں سے کنکشن کرتے ہوئے پیش آیا حادثہ پیش آنے تک وہ قریباً گیارہ نئے میٹروں کی تنصیب کا کام مکمل کر چکا تھا کہ اس دوران فرشتہ اجل نے اسے آ گھیرا تاروں میں دوڑتی برقی رو کی پرواہ کیے بغیر صرف اپنے بچوں کی روزی روٹی کے بندوبست کے لئے بلا کسی کے حفاظتی انتظامات پول پر کھڑے ملک شیر کو بجلی کا زور دار جھٹکا لگا جو کہ نہ صرف جان لیوا ثابت ہوا بلکہ اس کے بیوی بچوں اور بوڑھی والدہ کی زندگی بھی اندھیر کر گیا۔ آئے روز واپڈا حکام کی جانب سے حفاظتی انتظامات متواتر نہ ہونے کے باعث اس قسم واقعات معمول بنتے جارہے ہیں۔ حکومت کو واپڈا انتظامیہ میں سخت اصلاحات لانے کی ضرورت ہے۔ تاکہ لوگوں کے کفیل اپنی جانوں سے ہاتھ نہ دھوتے رہیں۔