جمعہ , 26 جون 2020ء
(1073) لوگوں نے پڑھا
پی ٹی آئی جڑانوالہ کے عہدے داروں نے پرائم منسٹر لون اسکیم کے لیے نوجوانوں کی رہنمائی کا اعلان کیا ہے ۔ اسٹیٹ بینک نے وزیر اعظم کی جانب سے نوجوانوں کو چھوٹے کاروبار کے لیے آسان شرائط پر بلاسود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام ” پرائم منسٹر کامیاب جوان ایس ایم ای لینڈنگ پروگرام“ کے تحت قرضے کے حصول کا طریقہ کار جاری کردیا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق قرضے کے لیے درخواست فارم نیشنل بینک، بینک آف پنجاب اور بینک آف خیبر کی شاخوں اور ویب سائٹس سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ بینکوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ درخواست فارم پر اپنے ٹول فری نمبر بھی درج کریں تاکہ اپنا کاروبار کرنے والے نوجوانوں کی رہنمائی کی جاسکے۔درخواست فارمز کا اجراء وزیر اعظم کی جانب سے پروگرام کے باضابطہ افتتاح کے فوری بعد شروع کردیا جائے گا۔ اس پروگرام کے تحت نوجوان اپنے کاروبار کے لیے بینکوں سے ایک لاکھ سے 50 لاکھ تک کے قرضے حاصل کرسکتے ہیں جن پر سود حکومت ادا کرے گی اور قرضہ پر نقصانات پر زر تلافی کا بوجھ بھی خود حکومت اٹھائے گی۔کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کے حامل 21 سے 45 سال کی عمر کے مرد اور خواتین اس پروگرام کے تحت اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے قرضہ لے سکتے ہیں۔ آئی ٹی اور ای کامرس کے لیے عمر کی حد میں خصوصی رعایت دی گئی ہے اور 18 سال کی عمر کے نوجوان ای کامرس یا آئی ٹی سے متعلق کاروبار کے لیے اس اسکیم سے استفادہ کرسکتے ہیں۔پروگرام کے تحت قرضوں کی مالیت کے لحاظ سے دو درجات ہیں پہلے درجہ میں ایک لاکھ سے پانچ لاکھ روپے جبکہ دوسرے درجہ میں آنے والے کاروبار کے لیے پانچ لاکھ سے پچاس لاکھ روپے تک کے قرضے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔یہ قرض ورکنگ کپیٹل اور ٹرم لونز کی شکل میں دیے جائیں گے جن کی مدت 8 سال ہے جس میں ایک سال کا اضافہ کیا جاسکے گا۔ پہلے درجہ کے کاروبار کے لیے نوجوانوں کو اپنے پاس سے بھی 10 فیصد سرمایہ لگانا ہوگا جبکہ دوسرے درجہ کے کاروبار کے لیے نوجوانوں کو 20 فیصد سرمایہ مہیا کرنا ہوگا۔قرضوں کے لیے خواتین کا کوٹا 25 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔