Naveed
جمعہ , 09 جولائی 2021ء
(825) لوگوں نے پڑھا
جڑانوالہ کے علاقہ میں ڈاکٹر اور اس کے عملے کی غفلت سے خاتون جان بحق ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ روڈالہ کی حدود میں نائی والا موڑ پر واقع رحمان پولی ہسپتال کے 2 ڈاکٹروں اور 1 نرس نے چک نمبر 282 گ ب شاہمند کی رہائشی خاتون عظمیٰ کا علاج کے سلسلے میں پہلے الٹراساؤنڈ کروایا پھر بعد ازاں فوری طور پر آپریشن کرنے کا کہا، لواحقین کے مطابق دوران آپریشن ڈاکٹر اور اس کے عملے نے مبینہ غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دورانِ آپریشن جگہ جگہ زخم کردئیے اور مکمل علاج کئیے بغیر آپریشن کے چند گھنٹوں بعد ہی مریضہ کو ہسپتال سے چھٹی دے دی۔ رات کو مریضہ کی طبیعت دوبارہ ناساز ہونے پر اسے دوبارہ رحمان پولی ہسپتال لے جایا گیا تو ڈاکٹروں نے بےحسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ مریضہ کے پیٹ میں بہت رسولیاں ہیں ان کو فیصل آباد لے جائیں۔ فیصل آباد میں واقع فیصل ہسپتال میں خاتون کا علاج کروانے پر بھی ان کی حالت نہ سنبھل سکی تو انھیں الائیڈ ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے مریضہ کے ٹیسٹ کرنے کے بعد آپریشن کے دوران کی گئی غفلت کا بھانڈہ پھوڑتے ہوئے بتایا کہ زخموں کی وجہ سے جسم میں انفیکشن پھیل چکا ہے جس سے مریضہ کا بچنا مشکل ہے، دوران علاج ہی خاتون اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں۔ لواحقین کے مطابق خاتون 1 کمسن بچی کی ماں تھی۔ انہوں نے چیف جسٹس پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کو انصاف فراہم کیا جائے اور انسانی جانوں سے کھیلنے والے عطائی ڈاکٹروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرکے ان کو نشان عبرت بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے ڈاکٹروں کے ہاتھوں کسی کی زندگی برباد نہ ہوسکے۔