بدھ , 16 ستمبر 2020ء
(167) لوگوں نے پڑھا
قصور، پولیس کی اہم پیشرفت چند روز قبل قصور ہسپتال سے نوزائیدہ بچے کو اغواء کرنے والی عورت گرفتار کرلی گئی ہے۔ لاہور ہسپتال میں دونوں میاں بیوی بطور سیکیورٹی گارڈز ملازمت کرتے ہیں۔ انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ کروڑوں روپیہ کی کوٹھی کی مالکن ہے۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال قصور سے ایک دن کا بچہ اغواء کرنے والی خاتون کو پولیس نے گرفتار کرلیا تاہم بچہ ابھی برآمد نہیں ہو سکا عورت اور اس کا شوہر چلڈرن ہسپتال لاہور میں بطور سیکیورٹی گارڈ ملازمت کرتے ہیں جن کی تنخواہ پندراں پندراں ہزار روپیہ ماہانہ ہے مگر خاتون کی مصطفی آباد للیانی کے قریب کروڑوں روپیہ مالیت کی کوٹھی ہے۔ قصور تھانہ صدر کے ایس ایچ او میاں غلام فرید اور تفتیشی افسر محمد عمران نے ڈی پی او قصور زاہد نواز مروت کی خصوصی ہدایت پر خاتون کو بڑی محنت سے گرفتار کیا دوران گرفتاری ملزمہ کے قبضے سے بھاری رقم بھی برآمد ہوئی۔ پولیس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ خاتون نے بچے کو فروخت کر دیا ہے جبکہ خاتون بار بار اپنے بیانات بدل رہی ہے ہوسکتا ہے خاتون دوسرے جرائم میں بھی ملوث ہو۔ پولیس کی تفتیش جاری ہے، دوران تفتیش اہم انکشافات ہوئے تاہم تفتیش کا دائرہ کار بڑھانے کیلئے تمام باتیں افشا نہیں کی گئیں۔ قصور پولیس نے امید دلائی ہے کہ مغوی بچے کو جلد بازیاب کروا لیا جائے گا۔ بچے کے والدین اور اہل علاقہ پرامید ہیں کہ ان کا بچہ بازیاب کرالیا جائے گا۔