جمعرات , 19 نومبر 2020ء
(317) لوگوں نے پڑھا
قصور، کئی سالوں سے بے لوث ڈیوٹی سرانجام دینے والا صابر حسین کھوکھر حکومتی توجہ کا منتظر، دن رات، للیانی اڈا چوک میں ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے والا عظیم انسان مالی مشکلات کا شکار ہے۔ صابر حسین کھوکھر کا کہنا تھا کہ حکومت میری معقول ماہانہ تنخواہ مقرر کرے تاکہ اپنی بیوی بچوں سمیت والدین کی کفالت کر سکوں۔ تفصیلات کے مطابق دوسہرا گراؤنڈ قصور کا رہائشی پرویز شریف عرف صابر حسین کھوکھر کئی سالوں سے بے لوث للیانی اڈا چوک میں ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے کیلئے دن رات موجود رہتا ہے اور اس دوران سڑک سے گزرنے والی خواتین، بچوں اور بزرگوں کو ٹریفک حادثات سے بچانے کیلئے بھی مصروف رہتا ہے جس کا کوئی ذریعہ آمدن نہیں ہے جوکہ حکومتی توجہ کا منتظر ہے۔ پرویز شریف عرف صابر حسین کھوکھر کا کہنا ہے کہ اس کے 4 بچے، بیوی اور بوڑھی ماں ہے جن کی اسے کفالت کرنا ہوتی ہے جبکہ جواں سالہ بیٹا بیماری کی زد میں ہے اور اس وقت گھر میں فاقوں کا راج ہے۔ کئی کئی دن گھر کا چولہا نہ جلنے سے بے بسی اور مایوسی بڑھ چکی ہے۔ حکومت میری معقول ماہانہ وظیفہ مقرر کرے تاکہ میرے گھر کا کھانے پینے کا نظام چل سکے۔ موبائل ایسوسی ایشن قصور کی طرف سے صابر حسین کھوکھر کو اعلیٰ اور بے لوث خدمت کے اعتراف میں اعزاز حسن کارکردگی اور میڈل مل چکاہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ پرویز شریف عرف صابر حسین کھوکھر بے لوث اور درد دل رکھنے والا انسا ن جو ہر وقت ہمیں للیانی اڈا چوک میں ٹریفک کنٹرول کرتا نظر آتا ہے جبکہ اس وقت بھی پرویز شریف کا خدمت خلق کا سلسلہ جاری رہتا ہے جب تنخواہیں لینے والے ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی اپنے گھروں کو لوٹ جاتے ہیں۔ افسوس کہ مخلوق خدا کی بے لوث خدمت کرنے والا پرویز شریف عرف صابر حسین کھوکھر اس وقت معاشی مسائل کا شکار ہے، حکومت کو چاہئے کہ وہ اس کا ماہانہ وظیفہ مقرر کرے اور اس کو سرکاری نوکری دی جائے تاکہ یہ اپنے بیوی بچوں اور بوڑھی ماں کی کفالت کر سکے۔