منگل , 22 ستمبر 2020ء
(233) لوگوں نے پڑھا
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ انسانی حقوق انسانوں کے لئے ہوتے ہیں، بچوں پر جنسی تشدد کرنے والے انسان کہلانے کے مستحق نہیں ہیں۔اس جرم کی حوصلہ شکنی کے لئے سخت سے سخت قانون لائیں گے جس میں مجرم کو جنسی صلاحیت سے محروم کرنے کی سزا بھی ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ سالوں قصور سے تعلق رکھنے والی جنسی تشدد کا شکار ہونے والی بچی زینب کے والد سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر ذیشان خانزادہ بھی موجود تھے۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ جنسی تشدد کے مجرموں کوسخت سے سخت سزائیں سرعام دینے کے لئے قانون لارہے ہیں۔ انسانی حقوق کی باتیں کرنے والے یہ نہیں دیکھتے کہ مجرم کس طرح سے مظلوموں کے حقوق پامال کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زینب بل جو کہ پاس ہوچکا ہے اس پر عمل درآمد بھی کروائیںگے۔ وزیراعظم عمران خان بھی بچوں کو محفوظ پاکستان دینے کے لئے سخت سے سخت سزاﺅں کے قانون کے حق میں ہیں اس لئے اس پر ابھی سے کام شروع کردیا ہے۔ سینیٹر ذیشان خانزادہ نے کہا کہ جنسی تشددروکنے کے لئے انتظامی مشینری کو فعال کرنا ہوگا۔ ان کا کہناتھا کہ سرعام سخت سزائیں دے کر ایسے جرائم کی حوصلہ شکنی کریں گے۔ معصوم زینب کے والد عمران علی نے کہا کہ میڈیا پر بچوں پر جنسی تشدد کی خبریں دیکھ کر اپنا دکھ تازہ ہوجاتا ہے۔ انہوں نے اب اپنی ساری زندگی اس حوالے سے عوام میں شعور بیدار کرنے کے لئے مختص کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں پر جنسی تشدد کے مجرموں کو عبرتناک سزائیں دینا ضروری ہے تا کہ اس لعنت پر قابو پایا جاسکے۔