منگل , 28 اپریل 2020ء
(317) لوگوں نے پڑھا
ڈپٹی کمشنر قصور منظر جاوید علی کے زیر صدارت گندم خریداری مہم، پرائس کنٹرول، دفعہ 144پر عملدرآمد،گورنمنٹ ریکوری، کورونا سے نمٹنے اور صفائی ستھرائی کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس گزشتہ روز انکے آفس میں منعقد ہوا۔ جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رنیو حنا ارشد، اسسٹنٹ کمشنر قصور انعم زید، چونیاں عدنان بدر، پتوکی آصف علی ڈوگر، کوٹ رادھاکشن نازیہ موہل، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر صغیر احمد علوی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں گندم خریداری مہم کے سلسلے میں ابتک باردانہ کے اجرااور خریداری کا جائزہ لیا گیا اور ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں ناکے سخت کئے جائیں اور گندم خریداری کا ٹارگٹ ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گندم خریداری مراکز پر کسانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں اور بلا تاخیر باردانہ کا اجرا کیا جائے۔آن لائن موصول ہونیوالی درخواستوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور ہدایت کی گئی کہ متعلقہ لوگوں سے خود رابطہ کر کے فوری طور پر باردانہ جاری کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر قصور نے ہدایت کی کہ فلور ملوں پر سٹاک کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جائے اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ ڈپٹی کمشنر منظر جاوید علی نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا بھی جائز ہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے اپنی توانیاں بروئے کار لائیں اور ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کرنیوالوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائیں۔ ڈپٹی کمشنر منظر جاوید علی نے ضلع میں دفعہ 144پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ موجودہ حالات میں حکومت کے احکامات پر عملدرآمد کو سو فیصد یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کی صورت میں قانون کیمطابق کاروائی عمل میں لائی جائے اور اس سلسلے میں کسی سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ اجلاس میں کورونا سے بچاؤ،حفاظتی انتظامات اور قرنطینہ سینٹروں پر دی جانیوالی سہولیات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ ریکوری کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ گورنمنٹ ریکوری کو سو فیصد یقینی بنایا جائے اور نادہندگان کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے ضلع میں صفائی ستھرائی کے عمل کا بھی جائزہ لیا اور اسسٹنٹ کمشنر ز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں میں متعلقہ افسران کے ہمراہ روزانہ کی بنیاد پر صفائی ستھرائی کا خود جائزہ لیں اور ناقص صفائی پر ذمہ داروں کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔