جمعہ , 13 نومبر 2020ء
(290) لوگوں نے پڑھا
ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نوجوان کو بھارتی سیکورٹی فورسز نے بارڈر کراس کرتے گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ہونے والے شخص کی والدہ کے مطابق یعقوب عرف جوبا کا دماغی توازن ٹھیک نہیں ہے وہ یقینی طور پر غلطی سے بارڈر کراس کررہا ہوگا۔ یعقوب کی والدہ نے وزیراعظم عمران خان سے اپنے بیٹے کی بازیابی کی اپیل کردی۔تفصیلات کے مطابق ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل کمالیہ کا رہائشی جس کا نام یعقوب عرف جُوبا ہے بھارتی سیکورٹی فورسز کے ہتھے چڑھ چکا ہے۔ بھارتی فورسز کے مطابق کمالیہ شہر کا یہ رہائشی فیروز پور بارڈر کو غیر قانونی طور پر پار کرتے ہوئے پکڑا گیا ہے. یعقوب عرف جوبا کو پنجاب پولیس انڈیا نے مقدمہ درج کرکے جانچ پڑتال شروع کردی ہے. جبکہ یعقوب عرف جُوبا کی والدہ کے مطابق اس کے بیٹے کا ذہنی توازن پچھلے دس سال سے خراب ہے اور اس کا علاج چل رہا ہے پچھلے ڈیڑھ سال سے یعقوب عرف جوبا گھر سے لاپتہ ہے۔ واقعے کا علم سوشل میڈیا پر بھارتی نجی ٹی وی کی خبر وائرل ہونے پر اہل خانہ کو ہوا۔ یعقوب کی والدہ نے وزیراعظم عمران خان سے روتے ہوئے اپیل کی کہ اس کے بیٹے یعقوب عرف جوبا کو جلد از جلد بازیاب کروایا جائے۔