منگل , 22 ستمبر 2020ء
(419) لوگوں نے پڑھا
ٹوبہ پولیس کے ہیڈکانسٹیبل کی بیٹی نے میٹرک کے امتحان میں 1081نمبر لیکر ضلع بھر میں ٹاپ کیا اور فیصل آباد بورڈ میں نمایاں پوزیشن حاصل کی جس پر ڈی پی او ٹوبہ نے نقد انعام اور تحائف سے نوازا۔ پولیس ویلفئیر سکول دی ایجوکیٹرز کی ہونہار طالبہ اور حاضر سروس پولیس ہیڈ کانسٹیبل غلام مرتضیٰ کی بیٹی آئمہ مرتضیٰ رول نمبر 440657 کو میٹرک کے امتحانات میں 1100میں سے 1081نمبر لے کر ضلع بھر میں ٹاپ کرنے اور فیصل آباد بورڈ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے پر ڈی پی او ٹوبہ نے اس کے والد اور بچی کو چائے پر مدعو کیا جہاں انہیں کیش ریوارڈ اور تحائف سے نوازا اس موقع پر انہوں نے بچی کی اس بھرپور کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا۔ اس کامیابی کا سہرا اس کے والدین اور اساتذہ کو جاتا ہے۔ اس موقع پر ڈی پی او ٹوبہ رانا عمر فاروق کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہیڈ کانسٹیبل غلام مرتضیٰ کی بیٹی آئمہ مرتضیٰ نے میٹرک کے امتحان میں ضلع بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے اپنے ماں باپ، اساتذہ اور ساتھ ساتھ محکمہ پولیس کا بھی سر فخر سے بلند کیا ہے اس بیٹی کی کامیابی کے پیچھے یقینا اس کے ماں باپ اور اساتذہ کا کردار اہمیت کاحامل ہے جنہوں نے اپنی خاص توجہ اور محنت سے اس بچی کو اس لائق بنایا کہ آج یہ بیٹی ضلع بھر میں اول پوزیشن حا صل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے میں امید کرتا ہوں کہ آئمہ مرتضی آنے والے وقت میں ملک و قوم کا نام روشن کرے گی۔ڈی پی او ٹوبہ نے بچی سے کہا کہ اس کی اعلیٰ تعلیم کے لیے جتنے بھی اخراجات ہیں اس حوالے سے پولیس ڈیپارٹمنٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس حاضر ہے اور وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ بچی کو بہترین کالج میں اعلیٰ ترین تعلیمی سہولیات میسر دلوانے میں کوئی بھی دقیقہ فرو گزاشت نہ کیا جائے۔