بدھ , 30 ستمبر 2020ء
(524) لوگوں نے پڑھا
کورونا وائرس کے باعث 7 ماہ سے بند پرائمری اسکول آج سے کھل گئے ، جہاں تدریسی عمل جاری ہے ، وفاقی حکومت کے اعلان کے بعد پنجاب ، سندھ اور خیبرپختونخوا میں نرسری سے پانچویں تک کے بچے اسکول پہنچ گئے جبکہ بلوچستان کی صوبائی حکومت نے پرائمری اسکول کھولنے کا فیصلہ مؤخر کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق حکومتی ہدایات کے باعث تعلیمی اداروں میں کورونا سے بچاو کے لیےاحتیاطی تدابیر پر عمل لازمی قرار دیا گیا ہے ، جہاں صوبائی اور ضلعی مانیٹرنگ ٹیمیں ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گی ، جبکہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے تعلیمی ادارے بند کردیے جائیں گے۔ اور ایسے اسکولوں کو جرمانہ بھی کیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی ) کی ہدایت کے مطابق کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اسکولوں میں سماجی فاصلہ اختیار کیا جائے ، بچے اور والدین کیلئے ماسک پہننا لازمی ہوگا ، جبکہ والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ بچوں میں کھانسی یا بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر انہیں اسکول ہر گز نہ بھیجیں۔ طبیعت زیادہ خراب ہو تو ٹیسٹ کرائیں، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر فوری اسکول انتظامیہ کو آگاہ کریں ، کسی بھی شخص کو درجہ حرارت چیک کیے بغیر تعلیمی اداروں میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا ، ایک کلاس روم میں بچوں کی آدھی تعداد کو بٹھایا جائے گا ، اسکول میں بچوں کو ہاتھ دھونے کی ترغیب دی جائے گی اور اس کو یقینی بنانا تعلیمی اداروں ذمہ داری ہوگی ،بچے کسی سے ہاتھ نہیں ملائیں گے اور اسکول میں جھولا جھلنے پر بھی پابندی ہوگی ، محکمہ تعلیم کی مختلف ٹیمیں اسکولوں کا دورہ کریں گی اور ایس او پیز پر عملدرآمد کاجائز لیں گی۔ واضح رہے کہ کورونا کیسز میں کمی کے بعد ملک بھر میں 15ستمبر سے تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولے گئے ، پہلے مرحلے کے آغاز میں میٹرک کلاسز، کالجز اور یونیورسٹیز میں تدریسی عمل کا آغاز ہوا ، دوسرے مرحلے میں چھٹی جماعت سے آٹھویں کلاس تک کے بچوں کو اسکول بلا یا گیا ، جبکہ تیسرے اور آخری مرحلے میں آج سے پرائمری اسکول بھی کھل چکے ہیں ۔