پیر , 28 ستمبر 2020ء
(542) لوگوں نے پڑھا
فیصل آباد کے علاقے سلطان ٹاؤن میں جاری کبڈی میچ میدان جنگ بن گیا، کھلاڑیوں اور تماشائیوں کی جانب سے ایک دوسرے پر ڈنڈوں اور سوٹوں کا بھی آزادانہ استعمال کیا گیا ، میچ میں کھلاڑیوں کی تعداد برابر نہ ہونے پر جھگڑا شروع ہوا، جو بحث و تکرار کے بعد ہاتھا پائی تک جاپہنچا۔پولیس کی موجودگی میں ہونیوالے جھگڑے میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اور کوچز شدید زخمی ہوگئے تاہم پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں تھانہ غلام محمد آباد کے علاقے سلطان ٹاؤن میں دو ٹیموں کے درمیان کبڈی کا میچ جاری تھا کہ اسی دوران کھلاڑیوں کی تعداد برابر نہ ہونے کے تنازع پر جھگڑا شروع ہوگیا اور دونوں گروپوں کی جانب سے ڈنڈوں سوٹوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ لڑائی جھگڑے کے دوران کھلاڑی اور کوچز بھی زخمی ہوگئے ۔ لڑائی جھگڑے کی فوٹیج میں بھی کھلاڑیوں اور تماشائیوں کو ایک دوسرے پر لاٹھیاں برساتے دیکھا جاسکتا ہے ۔ معاملے سے متعلق پولیس کو اطلاع ملنے کے باوجود پولیس روایتی سست روی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی گھنٹوں کی تاخیر سے موقع پر پہنچی۔ جس سے لڑائی جھگڑا کرنے والے افراد موقع سے فرار ہونے میں بھی کامیاب ہوگئے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سلمان غنی بھی موجود تھے مگر انتظامیہ خاموش تماشائی بنی رہی ،کھلاڑیوں کی جانب سے ریفری کے ساتھ بد تمیزی کا واقع بھی سامنے آیا۔