منگل , 01 ستمبر 2020ء
(233) لوگوں نے پڑھا
ضلع فیصل آباد میں بلدیہ آن لائن ایپ کے ذریعے شہریوں کو پیدائش، اموات، میرج ودیتھ سرٹیفیکیٹس کا اجراء شروع ہوگیاہے۔اس ضمن میں آن لائن فارم فل کرنے والے ابتدائی طور پرپانچ افراد میں متعلقہ سرٹیفیکیٹس تقسیم کردیئے گئے ہیں۔ڈویژنل کمشنر عشرت علی، ڈپٹی کمشنر محمد علی اور رکن قومی اسمبلی فیض اللہ کموکا نے دو الگ الگ تقریبات میں درخواست گزاروں میں بلدیہ ایپ کے تحت سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز محمد خالداور لاکل گورنمنٹ وکمیونٹی ڈویلپمنٹ کے افسران بھی موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ بلدیہ مستحکم پنجاب مستحکم کو عملی جامہ پہناتے ہوئے عوام الناس کی سہولت کے لیے بلدیہ آن لائن ایپ متعارف کرائی گئی ہے جس کی بدولت شہری گھر بیٹھے ایپ ڈائون کرکے متعلقہ سرٹیفیکیٹ کا فارم پُر کرکے مختصر ترین وقت میں سرٹیفیکیٹ حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس اقدام سے شہریوں کو دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے بلکہ بیرون ممالک میں مقیم افراد بھی آن لائن اپلائی کرسکیں گے۔انہوں نے سر ٹیفیکیٹس حاصل کرنے والوں سے بھی گفتگو کی اور اس سہولت کے بارے میں دریافت کیا۔ایم این اے نے بلدیہ ایپ کو پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا بڑا کارنامہ قرار دیا اور کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں موجودہ حکومت شہریوں کو ہر شعبہ میں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنارہی ہے اور بلدیہ ایپ کا قیام بھی انہی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ اس موقع پر سرٹیفیکیٹس حاصل کرنے والوں نے بلدیہ ایپ کو عظیم کارنامہ قرار دیا اور کہا کہ اس سہولت سے انہیں گھربیٹھے ریلیف ملا ہے جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔