بدھ , 25 نومبر 2020ء
(427) لوگوں نے پڑھا
فیصل آباد کے کئی علاقوں میں سیوریج سسٹم جواب دے گیا ، خاص طور پر علامہ اقبال کالونی کے گلی محلوں میں جگہ جگہ گندے پانی کے جوہڑ بن گئے ، خارش و دیگر امراض پھوٹنے کاخدشہ پیدا ہوگیا‘واسا کا کوئی افسر یااہلکار کسی مسئلہ کا حل کرنے کیلئے تیار نہیں ، واسا کے عملہ نے شہریوں کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا، واساکے اعلی حکام ابتر صورتحال کانوٹس لیں ، تفصیل کے مطابق سیوریج سسٹم کی خرابیوں کے باعث شہر کے مختلف کالونیوں میں گٹروں کا گندہ پانی کھڑا ہے جس کے باعث ماحول آلودہ ہو رہا ہے جبکہ لوگوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات در پیش ہیں ، ستم بالائے ستم یہ کہ صورتحال میں بہتری کیلئے اقدامات نہیں اٹھائے جارہے جس سے حالات مزید ابتر ہونے کاخدشہ ہے ، قومی خزانے پر بوجھ واسا کے عملے نے شہریوں کو حالات کے سپرد کرکے لمبی تان لی ہے ، کرونا وائرس سے بچائو کیلئے حفاظتی انتظامات اٹھاتے ہوئے ماحول کو آلودگی سے بچانا بیحد ضروری ہے مگر علامہ اقبال کالونی کے ایف بلاک میں گزشتہ دنوں سے بری طرح گندے پانی کی لپیٹ میں آچکا ہے ، علامہ اقبال کالونی کا سب انجینئر اور شکایتات درج کرنے والاعملے کی غفلت کی وجہ سے سیوریج کے گندے پانی نے تباہی مچا رکھی ہے اور اہالیان علاقہ کی ’’دہائی ‘‘ کے باوجود واسا عملہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی ،واساکے اعلی حکام اس ابتر صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور اصلاح و احوال کیلئے بھر پور اقدامات اٹھائے جائیں ۔