جمعہ , 11 ستمبر 2020ء
(136) لوگوں نے پڑھا
زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ایم فل اور پی ایچ ڈی طلبہ کیلئے 15ستمبر سے کھولی جا رہی ہے جبکہ انڈرگریجویٹ ڈگری پروگرامز کے زیرتعلیم اور نئے طلبہ کیلئے فی الحال آن لائن تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا جا رہا ہے جسے کرونا وائرس کی بہتر ہوتی ہوئی صورتحال میں مرحلہ وار روایتی تعلیمی سسٹم پر منتقل کیا جائے گا۔ اس امر کا فیصلہ سنڈیکیٹ روم میں ڈینز کمیٹی کے اہم اجلاس میں کیا گیا۔ یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد آصف تنویر کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں تمام ضابطہ کار پر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے صرف سینئر طلبہ کیلئے کیمپس کھولا جارہا ہے جس میں بتدریج بہتری کے بعد دیگر طلبہ کو بھی کیمپس آنے کی اجازت دی جائے گی۔ کنونیئر ایڈمشن کمیٹی پروفیسرڈاکٹر شہباز طالب ساہی کی تجویز پر کمیٹی نے اوکاڑہ‘ بورے والا اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سب کیمپسز میں پوسٹ گریجوایٹ ڈگری پروگرامز کیلئے تیسرے انٹری ٹیسٹ کی بھی منظوری دی جبکہ مذکورہ سب کیمپسز کیلئے انڈرگریجوایٹ ڈگری پروگرامز میں اُمیدواروں کی بڑھتی ہوئی فرمائش پر درخواستیں ذاتی حیثیت میں جمع کروانے کی مشروط اجا زت دی گئی۔ اجلاس میں اس تجویز سے بھی اتفاق کیا گیا کہ یونیورسٹی کے مرکزی کیمپس میں انڈرگریجوایٹ ڈگری پروگرامز میں میرٹ پر داخلہ سے محروم رہ جانیوالے اُمیدوار سب کیمپسز میں آفر کئے گئے پروگرامز کیلئے مجوزہ فیس کے ساتھ علیحدہ درخواست دیں گے جن کا متعلقہ سب کیمپس کے میرٹ کے مطابق جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک انڈرگریجوایٹ ڈگری پروگرامز کی دو میرٹ لسٹیں جاری کی جا چکی ہیں جبکہ انٹری ٹیسٹ کے بعد پوسٹ گریجوایٹ ڈگری پروگرامز میں آن لائن داخلہ فارم جمع کروانے کی تاریخ میں 30ستمبر تک توسیع کر دی گئی ہے جس کے بعد میرٹ لسٹیں جاری کی جائیں گی۔ رجسٹرار عمر سعید قادری نے ایجنڈے کے مطابق کارروائی کو آگے بڑھاتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی انتظامیہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں پیش رفت کر رہی ہے اور ابتدائی طو رپر کئے گئے اقدامات کے حوصلہ افزاء نتائج پر یونیورسٹی کو دوسرے تمام طلبہ کیلئے کھولا جائے گا۔ اجلاس میں ڈین ایگریکلچرپروفیسرڈاکٹر محمد اسلم خاں‘ ڈین سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر سرفراز حسن‘ ڈین سائنسز پروفیسرڈاکٹر اصغر باجوہ‘ ڈین فوڈ نیوٹریشن و ہوم سائنس پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق بٹ‘ ڈین ویٹرنری سائنس پروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال قریشی‘ ڈین اُمور حیوانات پروفیسرڈاکٹر اسلم مرزا‘ ڈائریکٹر گریجوایٹ سٹڈیز ڈاکٹر اعجاز وڑائچ‘ پرنسپل آفیسرکمیونٹی کالج پروفیسرڈاکٹر حق نواز بھٹی‘چیف ہال وارڈن پروفیسرڈاکٹر محمد یاسین‘ ڈائریکٹر اورک پروفیسرڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر‘پرنسپل آفیسراسٹیٹ مینجمنٹ پروفیسرڈاکٹر قمر بلال‘پرنسپل آفیسرانجینئرنگ و کنسٹرکشن ڈاکٹر جاوید اختر اور ڈین انجینئرنگ کے نمائندہ کے طور پر پروفیسرڈاکٹر محمد ارشاد شریک تھے۔ اجلاس کے بعد پرو وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر آصف تنویر نے رجسٹرار عمر سعید قادری‘ پرنسپل آفیسر اسٹیٹ مینجمنٹ پروفیسرڈاکٹر قمر بلال اور تمام ڈینز اور کے ہمراہ گارڈننگ ونگ کے زیراہتمام وائس چانسلرآفس کے پہلو میں چائنہ ڈول کے پودے لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر پرنسپل آفیسراسٹیٹ مینجمنٹ پروفیسرڈاکٹر قمر بلال نے بتایا کہ یونیورسٹی میں گزشتہ ڈیڑھ برسوں کے دوران 50ہزار سے زائد درخت لگائے جا چکے ہیں جن کا مکمل ڈیٹا بینک محفوظ کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پچاس ہزار سے زائد نفوس پر مشتمل کیمپس کمیونٹی میں ہر فرد ایک شجر کے فلسفے کو پروان چڑھایا جا رہا ہے جس سے وہ توقع رکھتے ہیں کہ رواں سال کے دوران ہزاروں نئے پودے لگائے جائیں گے۔