پیر , 12 اکتوبر 2020ء
(202) لوگوں نے پڑھا
موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو پولیس نے کیسے پکڑا پتا چل گیا۔ عابد ملہی پاکستان کا موسٹ وانٹڈ ملزم تھا جس کی تلاش کے لیے پولیس کے کئی آپریشن ناکام ہوئے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے عابد کی گرفتاری کے لیے جال بچھایا اور اس کی بیوی کو فون اور نمبر فراہم کیا، یہ نمبر بیوی نے عابد سے رابطے کیلئے استعمال کیا۔ عابد نے اہلیہ کو اسی فون پر کال کر کے بتایا کہ وہ فیصل آباد آئے گا جس کے بعد اس کی اہلیہ کو فیصل آباد پہنچایا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے اس کی اہلیہ کو فیصل آباد پہنچا کر سادہ لباس اہلکاروں کا جال بچھایا اور جیسے ہی ملزم ملاقات کے لیے پہنچا تو اس کو حکمت عملی کے تحت بغیر کسی مزاحمت کے گرفتار کرلیا گیا۔ قبل ازیں موٹر وے اجتماعی زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کی گرفتاری کے لیے پولیس نے کئی شہروں میں متعدد بار چھاپے مارے مگر عابد ہر بار بچ نکلنے میں کامیاب رہا تھا۔ پولیس نے ملزم کے والد، بیوی، بیٹی اور بھائی سمیت سات افراد کو حراست میں لے کر بھی تفتیش کی تھی۔