Naveed
پیر , 10 اگست 2020ء
(508) لوگوں نے پڑھا
فیصل آباد کی تحصیل چک جھمرہ انتظامیہ کی جانب سے مونسپل لائبریری کی عمارت سٹور روم میں تبدیل کردی گئی انتظامیہ کی جانب سے لائبریری میں موجود کتابوں کی الماریوں کے آگے کوڑے دان رکھ دیے گئے ہیں لائبریری میں موجود نایاب کتابوں اور قیمتی فرنیچر کو "کھڈے لائن" لگا کر اس عمارت میں مونسپل کمیٹی کی جانب سپرے پمپ و دیگر کباڑ رکھ دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چک جھمرہ مونسپل لائبریری جو جھمرہ کی سیاسی قیادت اور افسران کی بے حسی کی وجہ سے عرصہ دراز سے بند پڑی ہوئی تھی اس لائبریری کو کھلوانے کے لیے عوام کئی سالوں سے مطالبہ کررہے تھے عوامی مطالبے پر ہی چند مہنے پہلے لائبریری کی عمارت کی تزئین و آرائش کے لیے 8 لاکھ 75 ہزار روپے کا بجٹ لگایا گیا تھا جبکہ لائبریری میں موجود قیمتی اور نایاب کتابوں تک طالب علموں کی رسائی ممکن بنانے کی بجائے انتظامیہ نے کتابوں والی الماریوں کے آگے کوڑے دان رکھ کر اس عمارت کو سٹور روم میں تبدیل کردیا ہے۔ دوسری جانب جھمرہ کی سیاسی قیادت و دیگر ارباب اختیار نے لائبریری جیسے اہم مسئلے کو پس پشت ڈال رکھا ہے ضرورت اس امر کی ہے لائبریری کی عمارت سے ان کوڑے دانوں کو نکالا جائے اور عوام کی کتابوں تک رسائی ممکن بنائی جائے۔