Naveed
جمعہ , 26 جون 2020ء
(164) لوگوں نے پڑھا
تاندلیانوالہ (15 جون2020ء) ایف ڈی اے کی انفور سمنٹ ٹیم نے تاندلیانوالہ میں کارروائی کرتے ہوئے چار غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں کی غیر قانونی تعمیرات مسمار کردیں جبکہ مدینہ ٹاؤن میں پلاٹ کی غیر قانونی تعمیر پر اسے سیل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ آفیسر امتیاز گورایہ کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے تحصیل تاندلیانوالہ میں قائم کی جانیوالی ہاؤسنگ سکیموں کی قانونی حیثیت کو جائزہ لیا تو چک نمبر 420کی اراضی پر بننے والی ہاؤسنگ سکیمیں لائل پورسٹی، صادق ٹاؤن اور سن سٹی جبکہ چک نمبر 410کی اراضی پر قائم کی جانیوالی ہاؤسنگ سکیم حسین گارڈن کو غیر منظور شدہ ہونیکی پاداش میں ان کی چار دیواریوں کو مسمار کردیا تاکہ پلاٹس کے خریدار کسی دھوکہ دہی میں نہ آئیں۔ایف ڈی اے کی طرف سے ڈویلپرز سے کہاگیاہے کہ وہ ہاؤسنگ سکیم کے قانونی طور پر قیام کیلئے تمام تر شرائط کو پورا کرکے باقاعدہ منظوری حاصل کریں بصورت دیگر وہ پلاٹس کی خرید وفروخت نہیں کرسکیں گے اور قانون شکنی کی صورت میں ان کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کرائے جاسکتے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کہاہے کہ تحصیل کی سطح پر ہاؤسنگ سکیم کے قیام کیلئے منظوری کے امور بھی ایف ڈی اے کے دائرہ اختیار میں ہیں۔لہٰذاکسی قسم کی خلاف ورزی سے گریز کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں کیخلاف آپریشن کا دائرہ تحصیلوں تک بڑھادیاگیاہے جس کیلئے ایف ڈی اے کی ٹیمیں سرگرم عمل ہیں اور غیر منظورشدہ ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کارروائی سے گریز نہیں کیاجائیگاتاکہ سرکاری اور عوامی مفادات کا تحفظ کیا جاسکے۔ دریں اثناء ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مدینہ ٹاؤن میں غیر قانونی تعمیرکرنے پرپلاٹ نمبر95کو سیل کردیا۔