Naveed
جمعرات , 25 جون 2020ء
(138) لوگوں نے پڑھا
تاندلیانوالہ (27 فروری2017ء) پولیس تھانہ سٹی تاندلیانوالہ علاقہ مین چوک اللہ ہو پٹرول پمپ کے قریب پٹرول پمپ، ہائوسنگ سکیم اور اراضی سمیت سیاسی اختلافات کے تنازعہ پر دو گروپوں میں تصادم کے نتیجہ میں چیئرمین یونین کونسل اور10 سالہ بچے سمیت 14 افراد زخمی ہو گئے جن میں سے3کو تشویشناک حالت کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال فیصل ۱ٓباد منتقل کردیا گیا۔دونوں گروپوں نے ایک دوسرے پر پہلے فائرنگ کا الزام عائد کیا ہے، جبکہ پولیس نے دونوں گروپوں کے کئی افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق اتوار کے روز پٹرول پمپ، ہائوسنگ سکیم اور اراضی سمیت سیاسی اختلافات کے با عث اللہ ہو پیٹرول پمپ مین چوک پر مذکورہ گروپ کے اراکین کے درمیان جھگڑا ہو گیا۔ جس میں ڈنڈوں، سریوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔اسی دوران بعض افراد نے فائرنگ کا سلسلہ شروع کردیا جس سے چیئرمین یونین کونسل شہیر دائود، 10 سا لہ بچہ محمد احسن،28 سالہ محمد اقبال،18 سالہ عبدالرحمن،40 سالہ سعید دائود،35 سالہ شہزاد اشرف،24 سالہ محمد عاشق سمیت 14افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تاندلیانوالہ منتقل کردیا گیا جہاں سے شدید زخمی اور تشویشناک حالت کے باعث تین زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال فیصل ۱ٓباد منتقل کردیا گیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور کئی افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ دریں اثناء وزیرا علیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ان گروپوں میں تصادم کے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد کو واقعہ کی فوری تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون شکنی کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے بلا امتیاز نبٹا جائے گا۔ انہوں نے زخمیوں کو تمام ممکن طبی سہولیات کی فراہم کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔