Staff Reporter
منگل , 18 اگست 2020ء
(348) لوگوں نے پڑھا
جھنگ، الیکشن کمیشن کی ہدایت پر دیگر اضلاع کی طرح جھنگ میں بھی بلدیاتی انتخابات کے لئے تیاریوں کا آغاز کردیا گیا۔ شہری علاقوں میں نیبر ہوڈ کونسلز اور دیہی علاقوں میں ویلج پنچائیت قائم ہونگی جس کے لئے حلقہ بندیوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ حلقہ بندیوں کے حوالہ سے ڈپٹی کمشنر آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو، صوبائی وزیر کوآپریٹو مہر محمد اسلم بھروانہ، مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب نواب فیصل حیات جبوآنہ، اراکین صوبائی اسمبلی محمد معاویہ اعظم، مخدوم غضنفر علی قریشی، میاں محمد آصف، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ امتیاز احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ امتیاز احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حلقہ بندیوں کے لئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ اور ویلج پنچائیت کی حلقہ بندیوں کا آغاز 27 جولائی سے ہو گیا ہے۔ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرستیں21 اگست کو برائے اعتراضات آویزاں کردی جائیں گی۔ حلقہ بندیوں کے حوالے سے اعتراضات 21 اگست سے 9ستمبر تک داخل کرائے جا سکیں گے۔ حلقہ اتھارٹی 19 ستمبر تک حلقہ بندیوں کے بارے تمام اعتراضات نمٹائے گی جبکہ 27 ستمبر کو حتمی فہرستیں جاری کردی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کی چاروں تحصیل کونسلز میں میونسپل کارپوریشن جھنگ میں 25نیبرہڈ کونسلز، میونسپل کمیٹی شورکوٹ میں6نیبرہڈ کونسلز، میونسپل کمیٹی احمد پور سیال میں 6نیبرہڈ کونسلز جبکہ میونسپل کمیٹی اٹھارہ ہزاری میں 5نیبرہڈ کونسلز ہونگی۔ اسی طرح ٹاﺅن کمیٹی گڑھ مہاراجہ میں 6نیبرہڈ کونسلز، ٹاﺅن کمیٹی حسوبلیل میں 5نیبرہوڈ کونسلز جبکہ ٹاﺅن کمیٹی روڈو سلطان میں 5نیبرہوڈ کونسلز ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ جنرل، اقلیتی اور خواتین نشستوں کی تعداد کا انحصار ہرنیبر ہوڈ اور ویلج پنچائیت کی آبادی کے مطابق ہوگا۔ پارلیمنٹیرینز نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے نچلی سطح پر عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہونگے۔ نیا بلدیاتی نظام وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے۔ بلدیاتی انتخابات سے ترقی کا نیا سفر شروع ہوگا۔