Chinot City
جمعرات , 27 مئی 2021ء
(433) لوگوں نے پڑھا
چنیوٹ کی تحصیل بھوآنہ میں فیسکو کی مبینہ بے حسی سے ایک شخص جانبحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق چک نمبر 248 ج ب کشمیر کالونی میں لائن سپریٹینڈنٹ سب ڈویژن سرفراز نے 11 کے وی کھمبے کے جمپر لگانے اور تاریں ٹھیک کروانے کے لیے پرائیویٹ آدمی کو کھمبے پر چڑھا دیا. جھنگ کا رہائشی عمر وقار تاروں پر جمپر ٹھیک کررہا تھا کہ اچانک بجلی چلادی گئی جس کے نتیجے میں عمر وقار موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا. اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ حادثہ ہوتے ہی فیسکو اہلکار کچھ کرنے کے بجائے موقع سے فرار ہوگئے جبکہ عمر کی لاش تاروں میں ہی جھولتی رہی۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کے عملے نے موقع پر پہنچ کر 4 گھنٹوں کی کوشش کے بعد لاش کو تاروں میں سے نکالا۔ اہل علاقہ نے فیسکو کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے حکومت اور واپڈا کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ لائن سپریٹینڈنٹ سرفراز اور دوسرے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے تاکے دوبارہ کسی انسانی جان کے ضیاع سے بچا جاسکے۔