منگل , 10 نومبر 2020ء
(282) لوگوں نے پڑھا
لاہور میں رائے ونڈ تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ ملکی ترقی، سلامتی اور اسلام کی سربلندی کی دعاؤں کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا، اجتماعی دعا کے بعد شرکاء تبلیغ کے لیے مختلف علاقوں کی طرف روانہ ہوگئے۔رائے ونڈ تبلیغی اجتماع کے دوسرے مرحلے کی اجتماعی اختتامی دعا مولانا ابراہیم نے کروائی جبکہ مولانا خورشید نے شرکاء کو ہدایات جاری کیں۔ دعا میں شامل افراد اللّٰہ تعالیٰ کے حضور گڑ گڑا کر اس کی رحمت طلب کرتے رہے، اس موقع پر ملکی سلامتی، ترقی، استحکام اور اسلام کی سربلندی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں، اختتامی دعا کے دوران کئی رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔دعا کے بعد تشکیل شدہ جماعتیں دینِ اسلام کی تبلیغ کے لیے اندرون و بیرون ملک روانہ ہوگئیں۔ تبلیغی اجتماع کے موقع پر پولیس کی جانب سے ٹریفک اور سکییورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔ اجتماع میں پنڈال کے داخلی اور خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹ لگا ئے گئے تھے۔