جمعرات , 21 جنوری 2021ء
(438) لوگوں نے پڑھا
رائےونڈ کے علاقہ امین پورہ میں موجود ریلوے قبرستان میں قبضہ مافیا نے عارضی قبریں تیار کرنا شروع کردی ہیں۔ قبضہ مافیا میں شامل ملزمان کی جانب سے اپنے پیاروں کے مرنے سے پہلے ہی قبرستان میں عارضی قبریں بنانے پر علاقہ مکینوںکی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔ اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ ملزمان پرانی قبروں کو مسمار کرکے اپنے پیاروں کی قبروں کے لئے جگہ بنا رہے ہیں اور ساتھ ہی جگہیں فروخت بھی کر رہے ہیں۔ جبکہ دوسری جانب قبرستان کی حالت بھی انتہائی خستہ ہوچکی ہے، چار دیواری گر چکی ہے اور ریلوے ملازمین قبرستان میں موجود درخت کاٹ کاٹ کر بیچ رہے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر عدنان راشد تمام حالات سے آگاہ ہونے کے باوجود کسی بھی قسم کی کارروائی کرنے سے گریز کر رہے ہیں اور دیگر انتظامیہ میں موجود افراد بھی خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ علاقہ مکینوں نے اپیل کی ہے کہ حکومت اس مسئلے کا نوٹس لے۔