جمعہ , 21 مئی 2021ء
(545) لوگوں نے پڑھا
لاہور کے علاقہ رائیونڈ میں نالے کی صفائی کرنے کے بعد گندگی کے ڈھیروں کو سڑکوں پر ڈال دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق روہی نالہ روڈ پر صفائی کرنے کے دوران نالے سے نکلنے والی گندگی کو سڑکوں پر ڈالنے کے بعد متعلقہ محکمے کے افراد ان ڈھیروں کو اٹھائے بنا ہی چلے گئے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان ڈھیروں میں سے نکلنے والے گندے پانی کی وجہ سے سڑکوں پر پھسلن پیدا ہوگئی ہے جس سے آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جب کہ پھسلن کی وجہ سے کوئی بھی حادثہ رونما ہوسکتا ہے۔ عوام نے محکمہ انہار کے افسران اور اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر نوٹس لیتے ہوئے جلدازجلد کچرے کو سڑکوں سے اُٹھوایا جائے اور کام نامکمل چھوڑ کر جانے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔