پیر , 07 دسمبر 2020ء
(453) لوگوں نے پڑھا
چونیاں کے علاقے پھول نگر میں گزشتہ روز انسانیت سوز واقعہ پیش آیا جہاں پر ظلم کی داستان رقم کردی گئی۔ سنگدل باپ نے روٹھی بیوی کے نا ماننے پر اپنے 5 بچوں کو نہر میں پھینک دیا۔ تفصیلات کے مطابق اٹاری ورک کے رہائشی ابراہیم نامی رکشہ ڈرائیور، مبینہ طور پر بیوی جوکہ ناراضگی کی بنا پر میکے جمبر آئی ہوئی تھی، کو منانے جب جمبر آیا تو بیوی نا مانی تو طیش میں آکر واپسی پر اپنے 5 کمسن بچوں کو جمبر نہر میں پھینک دیا۔ دلخراش و افسوسناک واقعے کے بعد ریسکیو ٹیمیں اور پولیس ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں۔ ریسکیو ٹیموں نے بچوں کی تلاش شروع کی۔ تلاش کے نتیجے میں 4 سالہ فضاء اور 2 سالہ احمد کی لاشیں نکال دی گئیں جبکہ 5 گھنٹے ریسکیو اپریشن جاری ہونے کے باوجود باقی بچوں کو نہیں نکالا جاسکا۔ رہ جانے والے بچوں میں 10 سالہ نادیہ، 8 سالہ زین محمد اور 5 سالہ نفیسہ کی تلاش آج دوبارہ شروع کی جائیگی۔ دل دہلا دینے والے واقعے کے بعد ہر آنکھ اشکبار ہوگئی لوگوں نے انتہائی غم و غصے کا اظہار کیا۔ ڈی پی او قصور واقعہ کے بعد پہنچے، ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ ڈی پی او قصور نے واقعے کی تحقیقات کے لیے ڈی ایس پی چونیاں کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ پولیس کا کہنا تھا ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا ملزم سے باقاعدہ تفتیش کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔