Junaid
بدھ , 18 نومبر 2020ء
(664) لوگوں نے پڑھا
ملتان، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین، پیپلز لائرز فورم اور انقلابی طلبہ محاذ کے زیر اہتمام بالشویک انقلاب کی 103 ویں سالگرہ کے موقع پر ڈسٹرکٹ بارہال، ضلع کچہری ملتان میں ایک سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار کا عنوان تھا ”آئی ایم ایف کی معاشی پالیسیوں، نجکاری، بیروزگاری اور مہنگائی کے خلاف ٹریڈ یونینز، طلبہ، بار ایسوسی ایشن اور کسان تحریک کے فرائض“۔ سیمینار میں مختلف شعبوں سے کئی شخصیات نے شرکت کی۔ سیمینار میں بات ہوئی کہ بالشویک انقلاب آج بھی محنت کشوں، مزدوروں اور مظلوموں کے لئے مشعلِ راہ ہے۔ حکمران ٹولہ آئی ایم ایف کی مزدور اور عوام دشمن مالیاتی پالیسیوں کو پہلے سے تباہ حال محنت کشوں اور عوام پر شدید جبر اور وحشت سے نافذ کرنے پر اتر آیا ہے۔ واپڈا، ریلوے، سوئی گیس، سول ایوی ایشن، او جی ڈی سی ایل اور پی آئی اے سمیت دیگر اداروں کی نجکاری کی جا رہی ہے۔ اسی طرح ریڈیو پاکستان، پی ٹی ڈی سی اور دیگر اداروں میں جبری برطرفیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ زندگی بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ تعلیم کو کاروبار بنا دیا گیا ہے اور تعلیمی فیسوں کے نام پر طلبہ کو لوٹا جا رہا ہے۔ کسان تباہ حالی کا شکار ہو گئے ہیں۔ مقررین نے مزید کہا کہ نجکاری اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف منظم اور متحد ہوتے ہوئے درست لائحہِ عمل کے ساتھ بھر پور جدوجہد کی جائے گی۔ تقریب میں بالشویک انقلاب کی 103 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔