Junaid
جمعرات , 12 نومبر 2020ء
(546) لوگوں نے پڑھا
پی ایس ایل کے ایلیمینیٹر میچز کا آغاز 14 نومبر سے ہونے جارہا ہے۔ ٹیموں کے پریکٹس میچز کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ گزشتہ روز ہونے والے میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 22 رنز سے ہرادیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والے پریکٹس میچ میں ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 194 رنز بنائے۔ کپتان شان مسعود نے 52 گیندوں پر 66 رنز کی اننگز کھیلی، روی بوپارا نے برق رفتار 57 رنز 24 گیندوں پر بنائے جبکہ رائلی روسو نے 28 گیندوں پر 43 رنز کی اننگز کھیلی۔ پشاور زلمی کی جانب سے ہارڈس ویلیون، کارلوس بریتھ ویٹ اور راحت علی ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ جواب میں پشاور زلمی کی ٹیم صہیب مقصود کی شاندار بیٹنگ کے باوجود بھی ہدف تک پہنچنے میں کامیاب نا ہو سکی اور 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز ہی بنا پائی۔ صہیب نے 80 اور امام الحق نے 49 رنز بناکر نمایاں رہے۔ محمد عرفان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔